ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آج سے شروع ہوگئے پی یو سال دوم کے سالانہ امتحانات؛ ریاست بھر میں 1016؍امتحانی مراکز، نقل نویسی کی روک تھام کے اقدامات

آج سے شروع ہوگئے پی یو سال دوم کے سالانہ امتحانات؛ ریاست بھر میں 1016؍امتحانی مراکز، نقل نویسی کی روک تھام کے اقدامات

Wed, 04 Mar 2020 12:29:32    S.O. News Service

بنگلورو،4؍مارچ (ایس او نیوز) ریاست میں 4؍مارچ سے پی یو سی سال دوم کے سالانہ امتحانات شروع ہوگئے ہیں۔ اس سال ان امتحانات کے لئے 680049 طلبہ نے اپنے نام رجسٹر کرائے ہیں۔ امتحانات کے انعقاد کے لئے ریاست بھر میں 1016مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ 

پی یو سی بورڈ کے مطابق سائنس شعبہ میں 216930، کامرس میں 261674 اور آرٹس میں 201445 طلبہ امتحان میں شریک ہوں گے۔ 341618 طالبات اور 338431 طلبہ سمیت کل 680049 امتحان میں شریک ہوگےں۔ 

امتحانات 4؍مارچ تا 23؍ مارچ روزانہ صبح 10:15 تا دوپہر 1:30 بجے معنقد ہوں گے۔ طلبہ کو امتحان کے وقت سے ایک گھنٹہ قبل امتحانی مراکز میں حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔

ٹائم ٹیبل کے مطابق 4؍ مارچ کو امتحان کا پہلا پرچہ ہسٹری (تاریخ) کا امتحان تھا۔ پی یو بورڈ کے مطابق امتحانات کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔امتحانی پرچے متعلقہ ضلع ڈپٹی کمشنر دفتر کے توسط سے ضلع ٹریژری میں محفوظ رکھے گئے۔ 

امتحانی مراکز میں امتحان کے تمام کمروں میں سی سی ٹی وی کیمرے سے نصب کئے گئے ہیں جن کے ذریعہ متعلقہ ضلع ڈپٹی کمشنر دفتروں میں میں امتحانی مراکز میں نگرانی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

بورڈ کے ذرائع بتایا کہ امتحان کے دوران نقل اور دیگر بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لئے مناسب اقدامات کئے گئے ہیں۔

امتحانی مراکزکے اطراف امتناعی احکامات نافذ کئے گئے ہیں۔ طلبہ اور عملہ کے علاوہ کسی کو امتحانی مراکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی اور دستی گھڑیاں اور موبائل فون اور دیگر آلات لے جانے پر پابندی ہے۔ 

امتحان کے دوران طلبہ کی نگرانی کرنے والے عملہ اور دیگر اسٹاف کو موبائل فون کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔ 

ذرائع کے مطابق اس مرتبہ طلبہ کو 40؍صفحات پر مشتمل جوابی پرچے فراہم کئے جارہے ہیں۔ 
ضرورت کے مطابق انہیں افزود صفحات بھی فراہم کئے جائیں۔ 

دریں اثناء پی یو سی کالج لکچررز کی انجمن نے کہا کہ امتحانی مراکز میں نگرانی کے کام پر مامور لکچررز اپنے ہاتھوں پر کالی پٹیاں باندھے ڈیوٹی کے لئے حاضر ہوں گے۔

انجمن کے صدر اے ایچ ننگے گوڈا نے بتایا کہ پی یو سی کالجوں کے لکچررز کی تنخواہوں میں کمی و بیشی کے علاوہ ان کے دیگر مسائل ہیں انہیں حل کرنے کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے لیکن ان کے مطالبات پورے نہ ہونے پر لکچررز نے احتجاج کرنے اور کالی پٹیاں باندھ کر ڈیوٹی کے لئے حاضر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ 


Share: